ایرانتازہ ترین خبریںدنیاپاکستان
اربعین حسینی؛ کربلائے معلی میں کروڑوں کا اجتماع
عراق کے مقدس شہر کربلائے معلی میں سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے اصحاب با وفا کا چہلم منایا جا رہا ہے جس میں عراق، ایران، پاکستان، ہندوستان اور دنیا بھر سے آئے ہوئے کروڑوں عقیدت مند شریک ہیں جو انتہائی پرجوش اور منظم طریقے اور پرامن ماحول میں بارگاہ حسینی میں اشک و ماتم کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔
اسلام نیوز کی رپورٹ کے مطابق، کربلائے معلی میں سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے اصحاب با وفا کے چہلم میں دنیا کے ساٹھ ملکوں کے لاکھوں عقیدت مند شریک ہیں۔
ایک اندازے کے مطابق اس وقت کربلائے معلی میں تین کروڑ کے قریب عزاداروں کا اجتماع ہے اور بارگاہ حسینی اور اس کے اطراف کی تمام شاہراہیں شمع حسینی کے پروانوں سے چھلک رہی ہیں جن میں تیس لاکھ کے قریب ایرانی زائرین بھی شریک ہیں۔
عراق سمیت دنیا کے بیشتر ملکوں میں شہدائے کربلا کا چہلم آج منایا جا رہا ہے۔
اربعین حسینی میں شرکت کے لیے لاکھوں عراقی اور غیر ملکی زائرین نجف اشرف سے پیدل سفر کر کے کربلائے معلی پہنچے ہیں۔ کربلائے معلی میں بار گاہ حسینی اور اس کے اطراف کی تمام شاہراہیں عزاداروں سے بھری پڑی ہیں اور لوگ نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے اس حصے کی جانب رواں دواں ہیں جو بین الحرمین کہلاتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ہندوستان میں شہدائے کربلا کا چہلم کل بروز اتوار منایا جائے گا اس موقع پر مختلف شہروں سے عزاداری کے سیکڑوں چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوں گے۔