تازہ ترین خبریں
علی شمخانی کی وزیر داخلہ چودھری نثار سے ملاقات
رپورٹ کے مطابق پاکستان اور ایران نے دہشت گردی کے خاتمہ، پاک بارڈر ٹرانزیشنل جرائم کے خاتمہ کے لئے مل کر کام کرنے، انٹیلی جنس معلومات کے تبادلہ اور دونوں ممالک کے خفیہ اداروں کے درمیان بہتر روابط پر اتفاق کیا ہے۔ جمعرات کو پنجاب ہاوس میں ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری ریئر ایڈمرل علی شمخانی اور ان کے وفد نے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک ایران دو طرفہ تعلقات اور سلامتی کے شعبے میں باہمی تعاون سے متعلق امور زیر غور آئے۔ انہوں نے مشترکہ مسائل پر قابو پانے اور علاقائی امن کے فروغ کے لئے باہمی تعاون مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر چودھری نثار علی خان نے کہا کہ پاک ایران دو طرفہ مسائل کے حل اور باہمی تعاون کے فروغ کے لئے اسٹریٹیجک مذاکرات کرنا ہوں گے۔ علی شمخانی نے زلزلہ میں جانی نقصان پر دکھ اور افسوس جبکہ متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا مشکل کی اس گھڑی میں ایران پاکستان کے ساتھ ہے۔