تازہ ترین خبریں

بشار الاسد کی حکومت اپنی مدت کے اختتام تک باقی رہے گی: ڈاکٹر ولایتی

عالمی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر اور ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے تحقیقاتی مرکز کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے ایک ٹی وی انٹرویو میں اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ امریکیوں نے ایران کو نقصان پہنچانے کے لئے اب تک ہر ممکن کوشش کی ہے کہا کہ اگر ایٹمی مذاکرات کے دوران مثبت قدم دیکھا گیا ہے تو اس کی وجہ عوام اورحکام کی ہوشیاری اور خاص طور پر رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایات رہی ہیں-

عالمی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر نے تاکید کے ساتھ کہا کہ مغرب بالخصوص امریکہ کے مطالبات کے سامنے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای اصولی موقف رکھتے ہیں اور کسی طرح کے خفیہ مذاکرات نہیں ہو رہے ہیں-

ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے ایران کے سلسلے میں سعودی عرب کے حالیہ رویے اور علاقے کے استحکام کے بارے میں کہا کہ بس صرف اتنا کہا جا سکتا ہے کہ سعودی حکام کی ناعاقبت اندیشی ہے اور سعودی بادشاہ نے اب تک جو کچھ کیا ہے وہ آل سعود کے حق میں نہیں ہے-

ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے تحقیقاتی مرکز کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے قرہ باغ کے علاقے کی حالیہ جھڑپوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے دو پڑوسی ملکوں کے درمیان جنگ سے تکلیف ہے اور ہم نے ماضی میں بھی صلح کرانے کی کوششیں کی ہیں اور اگر کوئی مسئلہ ہے تو اسے مذاکرات سے حل کرنا چاہئے-

عالمی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر نے روس کے ساتھ ایران کے تعلقات اور ایران کے ساتھ بعض معاملات میں روس کی وعدہ خلافیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دو ممالک کے تعلقات باہمی مفادات کی بنیاد پر استوار ہوتے ہیں اور یہ تعلقات جتنے زیادہ اسٹریٹیجک ہوتے ہیں، اتنے ہی قریبی ہوتے ہیں-

ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ ایران کی نظر میں بشاراسد حکومت، ان کے دور صدارت کی مدت ختم ہونے تک باقی رہنی چاہئے اور بشار اسد کو اقتدار سے ہٹانے کی شرط ہمارے لئے ریڈلائن ہے اور امن مذاکرات میں اس موضوع کو اٹھانا ایک غلطی ہے-

ڈاکٹر ولایتی نے امریکی وزیر خارجہ کے ایران مخالف حالیہ بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگیں مارنا امریکی حکام کی خصوصیات میں شامل ہے اور وہ جب بھی علاقے کے حکام کے ساتھ بیٹھتے ہیں تو ایسی باتیں کرتے ہیں جو انھیں اچھی لگیں- عالمی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر نے تاکید کے ساتھ کہا کہ جان کیری اور دوسرے امریکی حکام کو جان لینا چاہئے کہ علاقے میں امریکیوں کی موجودگی کا زمانہ ختم ہو رہا ہے اور علاقے میں شروع ہونے والی اسلامی بیداری کی لہروں میں ممکن ہے کچھ نشیب و فراز آئے لیکن وہ ختم ہونے والی نہیں ہیں-

Tags
Show More

admin

Shia in Islam is providing authentic values of islamic world

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close