ایرانتازہ ترین خبریںدنیاپاکستان

ایران ہمارا ہمسایہ اور دوست ملک ہے، وزیراعظم


وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمارا ہمسایہ اور دوست ملک ہے، کبھی نہیں چاہیں گے سعودی عرب اور ایران کے مابین تنازع ہو۔
اسلام نیوز کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ایران اور سعودی عرب دونوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں ہم ان دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی سردمہری کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کے لیے تباہ کن ثابت ہوئی، ہم نے سبق سیکھا ہے کہ کسی اور کی جنگ کا حصہ نہیں بننا چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بین الاقوامی مارگلہ ڈائیلاگ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ جاننا ضروری ہے کہ دنیا میں پاکستان کو کس نظر سے دیکھا جاتا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو کچھ امداد بھی ملی تھی تاہم ہم نے سبق سیکھا ہے کہ کسی اور جنگ کا حصہ نہیں بننا چاہئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صف اول کا کردار ادا کیا، ہم کبھی بھی کسی تنازعے کا حصہ نہیں بنیں گے، مختلف ممالک کے درمیان جاری تنازعوں کو حل کرائیں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بے پناہ قربانیاں دیں، جنگ میں پاکستان کو بہت نقصان بھی ہوا۔
عمران خان نے کہا کہ امریکا نے جنگ پر کھربوں روپے جھونک دئیے، چین نے ان سالوں میں اپنا فوکس ترقی پر رکھا، چین نے اپنی خارجہ پالیسی تجارت پر مرکوز رکھی، پاکستان کے دیہی علاقے دنیا کے خوبصورت ترین علاقے ہیں، سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کی مدد کے لیے پہنچا ہے، ایران ہمارا ہمسایہ اور دوست ملک ہے، کبھی نہیں چاہیں گے سعودی عرب اور ایران تنازع ہو، امریکی صدر نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان مصالحت کا کہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ ہر گز نہیں چاہتے ایران اور سعودی عرب کے درمیان تنازع ہو، چین کی مدد سے آرٹیفشل یونیورسٹی قائم کررہے ہیں، ہمارا سب سے بڑا مسئلہ بھارت ہے، بھارت کی طرف کئی بار دوستی کا ہاتھ بڑھایا، بھارت کے ساتھ کئی بار مسائل حل کرنے کی بھی کوشش کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج بھارت پر نفرت کا پرچار کرنے والوں کی حکمرانی ہے، نسل پرست اور نفرت کی سیاست ہو تو اس کا نتیجہ خونریزی ہوتا ہے، نازیوں نے بھی سیاست کی بنیاد قوم پرستی پر رکھی تھی، دنیا نے دیکھا کہ نازیوں کی سیاست کا کیا نتیجہ نکلا، آج بھارت میں ہندو بنیاد پرستی کے خلاف کوئی بات نہیں کرسکتا ہے، بھارت میں نسل پرستی کے باعث میڈیا بھی خاموش ہے۔
عمران خان نے کہا کہ نسل پرست بنیاد پرست سیاست کا سب سے بڑا نقصان بھارت کو ہوگا، ہندووتوا نظریے سے سب سے زیادہ نقصان بھارت کو ہوگا، مودی نے کشمیریوں کو دیوار سے لگادیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 100 دن سے زائد گزر گئے ہیں، مقبوضہ وادی میں 8 لاکھ بھارتی فوجی تعینات ہیں، مقبوضہ وادی میں فوج دہشت کے طور پر رکھی گئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بہت مشکل ہوگیا ہے کہ بھارت کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھائیں، خطے میں امن و استحکام ناگزیر ہے، دنیا کو سمجھنا ہوگا کہ کشمیر کے باعث خطے میں انتہائی کشیدگی ہے۔

Show More

admin

Shia in Islam is providing authentic values of islamic world

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close