تازہ ترین خبریں

دہشتگردوں کے سہولت کار اور سیاسی سرپرست آج بھی آزاد ہیں

رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے لاہور میں کارکنوں اور عمائدین شہر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ جیکب آباد اور بلوچستان چھلگری میں شہید ہونیوالے شہداء کو اہمیت نہ دے کر حکومت اور ریاستی اداروں نے دہشتگردی کیخلاف جنگ کو مشکوک بنا دیا ہے، سانحہ جیکب آباد اور چھلگری میں ایک سال سے لے کر 17 سال تک کے بچے شہید ہوئے، کیا ان کا جرم یہ ہے کہ وہ ایک غریب گھرانے میں پیدا ہوئے؟ طبقاتی و استحصالی نظام کے خاتمے تک ملک میں امن کا قیام ممکن نہیں، ہمیں اب اس بات کا احساس ہو رہا ہے کہ حکومت دہشتگردی کیخلاف جنگ میں دہشتگردوں کا خاتمہ نہیں بلکہ دہشتگردوں پر کنٹرول چاہتی ہے، تاکہ دہشتگرد ان کو محفوظ رکھیں، باقی پاکستانی عوام کے قتل عام سے ان کو کوئی سروکار نہیں، حکمران ملکی بقا کی نہیں، اپنے مفادات اور اقتدار کے تحفظ کی جنگ میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کی پرورش میں ہمارے اپنے لوگوں کا ہاتھ ہے، دہشتگردوں کے سہولت کار اور سیاسی سرپرست آج بھی آزاد ہیں، دہشتگردی کیخلاف جنگ اور نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں مظلوموں پر ظلم اور ظالم شرپسندوں کو تحفظ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نفرتوں کے سوداگروں اور ہزاروں پاکستانیوں کی قاتل کالعدم جماعتوں کو نام بدل کر پھر سے منظم کیا جا رہا ہے، سیاسی جماعتیں ان قاتلوں اور دہشتگردوں سے اتحاد بنا کر الیکشن لڑنے میں مصروف ہیں، کیا ان سب معاملات سے ہمارے قومی سلامتی کے ادارے لاعلم ہیں؟ ہرگز نہیں، ہمارے حکمران اور ادارے سب جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغان جہاد کے نام پر پاکستانی قوم کو دہشتگردی اور کلاشنکوف کلچر کا تحفہ دیا، 60 ہزار سے زائد پاکستانیوں کا قتل عام، دنیا میں پاکستان کو دہشتگردوں کی نرسری بنا کر پیش کیا گیا، لیکن ہمارے مقتدر قوتوں نے اپنی پالیسیوں پر نظرثانی نہیں کی، آج جس دلدل کی طرف ملک کو دھکیلنے کی کوشش ہو رہی ہے، اس کے ذمہ دار ہمارے حکمران ہیں، جو ریاست کیساتھ مخلص نہیں، انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر عوام کو بیوقوف بنا کر حکمران اور سیاسی جماعتیں لوٹ کھسوٹ میں مصروف ہیں، غریب خودکشی کرنے پر مجبور ہیں، ملکی وسائل پر اشرافیہ مزے لوٹ رہے ہیں، عدل کا نظام ناپید ہوچکا ہے، آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے ہاتھوں ملک کو گروی رکھا جا رہا ہے، اگر اسی عمل کا نام جمہوریت ہے تو پاکستانی قوم اس جمہوریت سے بیزار ہیں۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ یورپ میں عالمی دہشتگرد داعش کے ہاتھوں بے گناہ انسانوں کا قتل عام قابل مذمت ہے، لیکن آج دنیا کی مہذب قومیں یورپ اور مغرب کے حکمرانوں سے سوال کرتی ہیں کہ اسلحہ و بارود کے کاروبار کو وسعت دینے کیلئے جن دہشتگردوں کو مسلمان ملکوں پر مسلط کیا گیا، آج یہی ممالک مکافات عمل کا شکار ہے اور دہشتگردی کی آگ ان کے دہلیز پر بھی آن پہنچی ہے۔

Tags
Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close