تازہ ترین خبریں

مولانا کرامت نجفی کی دین مبین کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی

رپورٹ کے مطابق اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی، وفاق المدارس الشیعہ کے صدر حافظ ریاض حسین نجفی، شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ سبطین سبزواری، مرکزی صدر جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن وفا عباس، ڈویژنل صدر فخر عباس بٹر اور دیگر رہنماؤں نے جامعۃ المصطفٰی لاہور کے مہتمم بزرگ عالم دین مولانا سید کرامت علی شاہ نجفی کی دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے انتقال کو قومی نقصان قرار دیا ہے۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی کی زیرصدارت جامعۃ المنتظر میں تعزیتی اجلاس ہوا، جس میں علامہ نیاز حسین نقوی، علامہ محمد افضل حیدری، مولانا شاہد حسین نقوی، ڈاکٹر سید محمد نجفی، مولانا غلام باقر گھلو، مولانا مہدی حسن اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ مولانا کرامت نجفی کی دین مبین کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، وہ بلند پایہ عالم دین اور مبلغ تھے، ان کے شاگرد ملک اور بیرون ملک تبلیغ دین میں مصروف ہیں۔ علامہ ساجد علی نقوی نے مولانا کرامت علی نجفی کے فرزند مولانا حسین نجفی سے تعزیت کرتے ہوئے اظہار افسوس کیا اور مرحوم کی دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری کی زیر صدارت اجلاس میں بھی مولانا کرامت علی شاہ نجفی کے انتقال پر گہرے رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے اسے قومی نقصان قرار دیا گیا۔ مرحوم کیلئے فاتحہ خوانی، دعائے مغفرت اور لواحقین سے اظہار ہمدردی بھی کیا گیا۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ وہ خود مولانا مرحوم کے شاگرد رہے ہیں اور ان سے کسب فیض کرنیوالے اس وقت پاکستان اور دنیا بھر میں خدمت دین سرانجام دے رہے ہیں۔

Tags
Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close