تازہ ترین خبریںپاکستان

کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، خطرناک دہشت گرد گرفتار/ ہزارہ برادری کا احتجاج جاری

پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کوئٹہ شہر سے کالعدم تنظیم کے مبینہ ٹارکٹ کلر کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

اسلام  نیوز کے مطابق ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گورایا نے ایف سی حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کوئٹہ سے کالعدم تنظیم کے اہم دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد عبدالرحیم، ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں میں ملوث ہے جبکہ اس کی جانب سے کی جانے والی دہشت گردی کی کارروائیوں میں متعدد معصوم افراد ہلاک ہوئے۔

واضح رہے کہ پریس کانفرنس کے دوران ملزم کے اعترافی بیان کی ویڈیو بھی چلائی گئی ہے۔

سی ٹی ڈی کے آفیسر نے بتایا کہ دہشت گرد سے ہینڈ گرینیڈ اور پستول برآمد کی گئی جبکہ دہشت گرد کے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے اور دیگر ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

اعتزاز گورایا کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عبدالرحیم کے سر کی قیمت 20 لاکھ روپے مقرر تھی۔

ایک سوال کے جواب میں ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں صرف ایک کمیونٹی پر حملے نہیں ہورہے، ہزارہ کے علاوہ پولیس، سرکاری عہدیداروں اور مسیحوں کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہم سب نے مل کر لڑنی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پولیس اور فرنٹیئر کور کی جانب سے ضلع مستونگ کے پہاڑی علاقوں اسپلنچی اور قابو میں مشترکہ آپریشن کے دوران کالعدم لشکرِ جھنگوی کا کمانڈر مقصود احمد ہلاک ہو گیا تھا۔

دوسری جانب صوبہ بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ہزارہ برادری کا کوئٹہ کے 3 مختلف علاقوں میں احتجاج جاری ہے۔

مظاہرین نے آرمی چیف کے آنے تک احتجاج ختم کرنے سے انکار کردیا ہے۔

ایڈووکیٹ جلیلہ حیدر سمیت سیکڑوں ہزارہ خواتین کا پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ تیسرے روز میں داخل ہو چکا ہے جبکہ سیکڑوں ہزارہ نوجوان مشرقی بائی پاس پر 2 روز سے سراپا احتجاج ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان اسمبلی کے باہر صوبائی وزیر آغا رضا کی قیادت میں گزشتہ روز ہزارہ قبائل کی جانب سے شروع کیا گیا احتجاج بھی دوسرے روز میں داخل ہوچکا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ شب وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کوئٹہ پہنچے تھے اور انہوں نے ہزارہ برادری سے مزاکرات کی کوشش کی تھی جو ناکام رہی تاہم ہزارہ برادری کا مطالبہ ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ خود کوئٹہ آئیں اور ان کے مطالبات سنیں۔

Tags
Show More

admin

Shia in Islam is providing authentic values of islamic world

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close