تازہ ترین خبریںگلگت بلتستان
گلگت بلتستان کی تمام سبسڈیز اور سہولیات برقرار رکھی جائیں، علامہ ساجد نقوی
قائد ملت جعفریہ پاکستان کا کہنا تھا کہ عوام کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری، آئینی حقوق فراہم کرکے ہی فرائض لاگو کئے جا سکتے ہیں، گندم سبسڈی کا معاملہ سیاسی نہیں بلکہ خالصتاً عوامی مسئلہ، وفاق خطے کے عوام کے مسائل کا حل نکالے۔
تسکین نیوز کے مطابق: قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان ملک کا اہم اور حساس ترین خطہ ہے، وقت کی ضرورت ہے کہ اس خطے کو اب تمام آئینی حقوق دے کر صوبہ ڈکلیئر کیا جائے اور بطور خاص خطے کے تمام سبسڈیز اور سہولیات برقرار رکھی جائیں، گندم کی سبسڈی کے خاتمے کی بجائے خطہ کے عوام کے مسائل کو سنجیدگی سے لیا جائے اور ان کی امنگوں کے مطابق فیصلے کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار ترجمان قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے گلگت بلتستان میں گندم سبسڈی کے معاملے پر احتجاج پر تبصرہ اور گلگت بلتستان سے آئے مختلف وفود کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ کسی بھی خطے میں تمام آئینی و قانونی اقدامات اس وقت اٹھائے جاتے ہیں جب اس خطے کو تمام آئینی و قانونی حقوق فراہم کئے جائیں لہٰذا وقت کی ضرورت ہے کہ گلگت بلتستان جو ایک عرصہ سے سرزمین بے آئین ہے اسے آئینی دھارے میں باقاعدہ شامل کیا جائے اور اسے آئینی حقوق فراہم کرتے ہوئے پھر اس پر فرائض لاگو کئے جائیں اور خاص خطے کی وہ تمام سہولیات، سبسڈیز برقرار رکھی جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ گندم سبسڈی کا معاملہ خالصتاً عوام اور خصوصاً غریب طبقے سے گہرا تعلق رکھتا ہے جو براہ راست ان پر اثرانداز ہو گا اس لئے اس معاملے پر وفاق نہ صرف سنجیدگی سے غور کرے بلکہ اس پر مقامی سیاسی، مذہبی، سماجی تنظیموں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے مطالبات پر غور کرکے اس کے مطابق حل نکالا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھاے اور ان کی جائز ضروریات کا خیال رکھے۔